وزیراعظم کی عالمی رہنماؤں، بل گیٹس سے ملاقاتیں، سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، جن میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صحت اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد الصباح سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے تجارت، توانائی، انسانی وسائل کی ترقی اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم نے آسٹریا کے چانسلر کرسچن اسٹاکر اور صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمود سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔
کینیا کے صدر ولیم روٹو سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کینیائی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
اس موقع پر کینیا کے صدر نے خلیجی خطے اور مغربی ایشیا میں حالیہ بحران کے دوران پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت اور دیگر شعبوں میں فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہتے ہوئے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں گیٹس فاؤنڈیشن کے کردار کو سراہا اور صحت، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بل گیٹس کو پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔



