پی ٹی آئی اور جے یو آئی (ف) میں تعاون پر اتفاق، پارلیمان میں حکومت کو مشترکہ ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے درمیان تعاون کی مشترکہ حکمت عملی طے پا گئی ہے، جس کے تحت دونوں جماعتیں پارلیمان کے اندر حکومت کے خلاف مشترکہ مؤقف اختیار کریں گی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اور جے یو آئی (ف) نے پارلیمان میں مشترکہ حکمت عملی کے تحت چلنے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ آئندہ پارلیمانی سیشن میں حکومتی اقدامات کے خلاف مشترکہ احتجاج بھی کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایوان کے اندر تعاون کے بعد دونوں جماعتوں نے پارلیمان سے باہر بھی سیاسی اتحاد اور باہمی رابطوں کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
اس پیش رفت کے لیے گزشتہ دنوں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے وفد نے مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں جماعتوں نے آئندہ سیاسی معاملات پر مل کر چلنے اور حکومت کو مؤثر انداز میں ٹف ٹائم دینے پر اتفاق کیا۔