27 ستمبر اسلام آباد مارچ، پی ٹی آئی کی حکمت عملی میں بڑا موڑ، پارٹی کے اندر اختلاف

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کے لائحہ عمل میں تبدیلی پر غور شروع کردیا، تاہم نئی حکمت عملی پر پارٹی کے اندر اختلاف سامنے آگیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں 27 ستمبر کے احتجاج اور اسلام آباد مارچ کے حوالے سے ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں سے مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں پارٹی قیادت کی جانب سے تجویز دی گئی کہ 27 ستمبر کو براہِ راست اسلام آباد جانے کے بجائے پنجاب کی سرحد پر مختلف مقامات پر دھرنے دیے جائیں اور احتجاج کو مرحلہ وار اسلام آباد کی جانب بڑھایا جائے۔
ذرائع کے مطابق اٹک پل، موٹروے پر حضرو کے قریب، ہری پور، کوہاٹ کے خوشحال گڑھ اور نتھیا گلی سمیت مختلف مقامات پر دھرنوں کی تجویز زیرِ غور آئی، جبکہ اسلام آباد کی جانب اگلے مرحلے میں پیش قدمی کا امکان ظاہر کیا گیا۔
تاہم اجلاس میں بعض ارکان اسمبلی اور رہنماؤں نے 27 ستمبر کو ہی اسلام آباد کی جانب بڑھنے پر اصرار کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ احتجاج کو صرف دھرنوں تک محدود نہیں کیا جانا چاہیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں یہ مؤقف بھی سامنے آیا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں حکومتی اقدامات اور راستوں کی بندش سے پی ٹی آئی کو سیاسی طور پر فائدہ پہنچا ہے۔
دو گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں مارچ کی حکمت عملی پر حتمی اتفاقِ رائے نہ ہوسکا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق حتمی لائحہ عمل پر 25 ستمبر کو دوبارہ اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ 27 ستمبر کو پشاور سے لانگ مارچ ضرور شروع ہوگا، جس کی قیادت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کریں گے۔ قافلہ جی ٹی روڈ کے ذریعے اٹک تک جائے گا، تاہم اٹک سے آگے کا لائحہ عمل 25 ستمبر کو طے کیا جائے گا۔



