سندھ ہمارامادرِوطن ہے،اس کی انچ انچ کی حفاظت کی جائے گی: ترقی پسند ناری تحریک

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن)سندھ ھمارا مادرِ وطن ہے اور اس کی انچ انچ کی حفاظت کی جائے گی۔
سندھ دریا پر ڈاکہ ڈال کر متنازعہ کینال بنانے، بیرونی آبادکاری، وسائل کی لوٹ مار اور سندھ کی ممکنہ تقسیم کی سازش کے خلاف ترقی پسند ناری تحریک ضلع ٹھٹہ کی جانب سے ایس ٹی پی ہاؤس مکلی پر ایک اجتماع منعقد کیا گیا، جس میں ناری تحریک کی خاتون رہنماؤں سمیت کارکنوں نے شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترقی پسند ناری تحریک کی مرکزی رہنما سعیدہ گوپانگ، ایس ٹی پی ضلعی صدر سید جلال شاہ، نسیمان حسن سمون، روشنی رفیق جوکھیو، سمیرا ستار، راجو قریشی اور دیگر نے کہا کہ سندھ کے وسائل لوٹ کر زمینوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے۔ ایک طرف سندھ دریا پر ڈاکہ ڈال کر متنازعہ کینال بنائے جا رہے ہیں تو دوسری طرف سندھ میں انتظامی یونٹوں کے نام پر تقسیم کا کھیل شروع کیا گیا ہے جو کسی صورت قبول نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ ہزاروں سالوں سے مادرِ وطن رہا ہے اور اس کی انچ انچ کی حفاظت سندھ کے سپوت ڈاکٹر قادر مگسی کی قیادت میں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں پانی کی غیر منصفانہ تقسیم ہے، دریا پر پنجاب قابض ہے۔ مسلسل متنازعہ کینال بنا کر زرخیز علاقوں کو غیر آباد کر کے بنجر زمینوں کو آباد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ دشمن منصوبوں کے خلاف مرحلہ وار تحریک تیز کی جائے گی۔



