پرائیویٹ حج سکیم 2027، واجبات کی وصولی شروع، عازمین کو اہم ہدایات جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پرائیویٹ حج سکیم 2027 کے لیے واجبات کی وصولی کا آغاز ہوگیا، وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو بکنگ اور ادائیگی کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم کے تحت بکنگ اور ادائیگی کا تمام عمل پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔ عازمین حج ایپ کے ذریعے مجاز حج منظم کمپنی اور اپنی پسند کا حج پیکیج منتخب کرسکیں گے۔
ترجمان کے مطابق عازمین گھر بیٹھے حج پورٹل کے ذریعے واجبات ادا کرسکتے ہیں۔ کسی بھی حج منظم کمپنی کو براہ راست رقم وصول کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
وزارت نے خبردار کیا ہے کہ غیر مجاز ایجنٹوں یا افراد کو رقم ادا کرنے والے عازمین اپنے نقصان کے خود ذمہ دار ہوں گے۔ عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مجاز یا غیر مجاز کمپنی کو چیک یا نقد رقم دینے سے گریز کریں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے مالی معاملات شفاف انداز میں اور وزارت کی نگرانی میں انجام دیے جائیں گے، تاکہ عازمین کو جعلسازی اور فراڈ سے محفوظ رکھا جاسکے۔
پرائیویٹ حج سکیم میں پہلے سے رجسٹرڈ عازمین بھی حج پورٹل کے ذریعے مجاز کمپنی اور حج پیکیج کا انتخاب کرسکتے ہیں، جبکہ نئی رجسٹریشن کا عمل بھی حج پورٹل اور پاک حج ایپ کے ذریعے جاری ہے۔
وزارت کے مطابق رواں سال پرائیویٹ حج سکیم کے لیے 71 ہزار 696 عازمین کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔



