پنجاب آرٹس کونسل کی زیر اہتمام تقریری مقابلہ جات

اوکاڑہ (رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )پنجاب آرٹس کونسل کی زیر اہتمام تقریری مقابلہ جات، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو کی بطور مہمان خصوصی شرکت۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب آرٹس کونسل کی جانب سے یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں ‘ہم مائیں، ہم بہنیں، ہم بیٹیاں۔ قوموں کی عزت ہم سے ہے’ کے عنوان سے تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے اپنی تقاریر کے ذریعے معاشرے میں خواتین کے کردار، عزت و وقار اور معاشرتی اہمیت کو اجاگر کیا اور انتہائی منظم انداز میں نوجوان مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی بنیاد اور طاقت ہوتی ہیں۔ انہوں نے حکومتِ پنجاب اور وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے اس نوعیت کے پروگرامز نہایت اہم ہیں۔ تقریب کے ججز میں ڈاکٹر شعیب سلیم اور ڈاکٹر بلال زاہد تھے جنہوں نے شرکاء کی تقاریر کا تفصیلی جائزہ لیا۔ مقابلے میں بالترتیب پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو 30,000 25,000 اور 20,000 روپے انعام دیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس حماد احمد چیمہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پروگرام زاہد عقیل نے طلبہ و طالبات کی شاندار صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تقریری مقابلے نوجوان نسل میں اعتماد، شعور اور مثبت اظہارِ خیال کو فروغ دیتے ہیں۔ تقریب میں اساتذہ کرام ،طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کے علاؤہ معززین شہر اور میڈیا کے احباب نے شرکت کی اور پنجاب آرٹس کونسل کی مثبت سرگرمیوں کے سلسلہ میں خصوصی کاوشوں کی تعریف کی



