لبنان جنگ بندی خطے میں کشیدگی کم کرنے کی طرف اہم قدم ہے ،صدرزرداری

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)صدر آصف علی زرداری نے لبنان میں جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و سکون کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے کے استحکام کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ پائیدار امن صرف مذاکرات، خودمختاری کے باہمی احترام اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی دیرپا امن کی جانب پیش رفت کا ایک موقع ہے۔
لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ مغربی ایشیا میں دیرپا امن کا انحصار تنازعات کی بنیادی وجوہات کے حل پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ فعال طور پر رابطے میں ہے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی میں کمی اور منصفانہ، دیرپا اور جامع امن کے فروغ کے لیے ہر مخلصانہ اقدام کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری دو ہفتے کی جنگ بندی کے وسیع تر مفادمیں لبنان میں بھی تحمل شامل تھا جس کی اسرائیل کی جانب سے خلاف ورزی کی گئی۔ صدرمملکت نے کہا کہ اس اقدام کی کسی بھی انحراف سے کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس اہم مرحلے پر جروری ہے کہ تمام فریقین تحمل اور ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کریں ۔



