"صحافی کہلانے والے شخص پر تھرکول کے ڈیزل چوری کرنے کے الزامات،بدنام ہم ہو رہے ہیں” — الدبئی ہوٹل کے مالک کی پریس کانفرنس

تھرپارکر (رپورٹ:میندھروکاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)ضلع تھرپارکر کی تحصیل اسلام کوٹ میں واقع الدبئی ہوٹل کے مالک علی نواز مہران پوٹو نے اپنے ہوٹل کے قریب مبینہ طور پر جاری غیر قانونی پٹرول اور ڈیزل چوری کے کاروبار کے خلاف اسلام کوٹ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ علی نواز مہران پوٹو نے الزام عائد کیا کہ ان کے ہوٹل کے قریب موجود دو کار واش دکانوں پر گزشتہ چار برسوں سے خود کو صحافی ظاہر کرنے والے عابد لونگانی اور اس کے بھائی کھلے عام پٹرول اور ڈیزل چوری کے کاروبار میں ملوث ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ تھرکول منصوبوں کی جانب جانے والی مختلف کمپنیوں کے ڈمپرز، ٹرالروں سمیت بلاک ون اور بلاک ٹو میں چلنے والی ویگو اور ریوو گاڑیوں سے ڈیزل نکالا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ متعدد بار پولیس اور متعلقہ تھرکول کمپنیوں کے پاس شکایات لے کر گئے، لیکن کسی ادارے نے کارروائی نہیں کی۔ ان کے مطابق مبینہ ڈیزل چوری سے متعلق ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو چکی ہیں۔ ہوٹل مالک کے مطابق جب مختلف کمپنیوں کو اپنی گاڑیوں سے ڈیزل نکالے جانے کی اطلاع ملی تو انہوں نے اپنے لوڈرز اور دیگر بڑی ٹرانسپورٹ کو ان کے ہوٹل پر آنے سے روک دیا، جس کے باعث ہوٹل کا کاروبار شدید متاثر ہوا ہے اور انہیں مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ علی نواز مہران پوٹو نے مزید الزام لگایا کہ مبینہ غیر قانونی کاروبار میں خود کو صحافی کہلانے والے فقیر عابد لونگانی اور اس کے قریبی رشتہ دار ملوث ہیں اور یہ ایک منظم نیٹ ورک کے طور پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے ایس ایس پی تھرپارکر، ڈی آئی جی میرپورخاص اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ مبینہ غیر قانونی کاروبار کا نوٹس لے کر فوری طور پر اسے بند کرایا جائے اور کمپنیوں کی گاڑیوں کی آمد و رفت دوبارہ بحال کرا کے ان کے روزگار کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔



