پریتی زنٹا کا ڈیپ فیک ویڈیوز کے خلاف عدالت سے رجوع

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریتی زنٹا نے مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کی جانے والی جعلی ویڈیوز، تبدیل شدہ تصاویر اور دیگر غیر مجاز ڈیجیٹل مواد کے خلاف بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے اپنی شناخت کے غلط استعمال پر قانونی کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔
درخواست میں پریتی زنٹا نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی اجازت کے بغیر مصنوعی ذہانت کی مدد سے ڈیپ فیک ویڈیوز، ایڈٹ شدہ تصاویر اور چیٹ بوٹ طرز کا مواد تیار کرکے مختلف سوشل میڈیا اور آن لائن پلیٹ فارمز پر پھیلایا جا رہا ہے، جس سے ان کی ساکھ اور عوامی تشخص متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اداکارہ نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے نام، تصویر اور شناخت کو استعمال کرتے ہوئے تیار کیا گیا تمام متنازع مواد فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیا جائے، جبکہ مستقبل میں بھی ایسے غیر مجاز اور گمراہ کن مواد کی اشاعت پر پابندی عائد کی جائے۔
جسٹس مادھو جمدار کی سربراہی میں سماعت کے دوران بمبئی ہائی کورٹ نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد متعلقہ فریقین اور مختلف آن لائن پلیٹ فارمز کو ہدایت کی کہ وہ متنازع مواد ہٹانے کے لیے باہمی مشاورت سے ایک مؤثر طریقہ کار مرتب کریں۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے متعلقہ فریقین سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔



