تھرپارکر:سندھ پولیس کے ویٹنگ امیدواروں کا بھرتی کے مطالبے پر مٹھی پریس کلب کے سامنے احتجاج اوردھرنا

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) سندھ پولیس SPD-01/2024 کے ویٹنگ امیدواروں نے بھرتی کے مطالبے کے لیے مٹھی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا۔ مظاہرے کی قیادت جیسرام بھیل اور دیگر امیدواروں نے کی، جبکہ بڑی تعداد میں بے روزگار نوجوانوں نے شرکت کی۔
احتجاجی امیدواروں کا کہنا تھا کہ انہوں نے سندھ پولیس میں بھرتی کے تمام مراحل مکمل کر لیے ہیں، تاہم اس کے باوجود انہیں ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا ہے۔ امیدواروں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ سندھ پولیس میں موجود خالی آسامیوں پر ویٹنگ امیدواروں کو میرٹ کی بنیاد پر ترجیحی طور پر بھرتی کیا جائے۔
امیدواروں کے مطابق تقریباً 11 ہزار امیدوار تاحال ویٹنگ لسٹ میں ہیں، جبکہ سندھ پولیس میں تقریباً 15 ہزار آسامیاں خالی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خالی آسامیوں پر ویٹنگ امیدواروں کو بھرتی کا موقع دیا جائے تاکہ طویل عرصے سے جاری انتظار کا خاتمہ ہو سکے۔
مظاہرین نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، آئی جی سندھ اور وزیرِ داخلہ سندھ سے اپیل کی کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ویٹنگ امیدواروں کی بھرتی کے حوالے سے مناسب فیصلہ کیا جائے۔



