اوکاڑہ: پولیس مقابلے میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، دو ساتھی فرار

اوکاڑہ(وحید آرائیں\جانوڈاٹ پی کے) تھانہ کینٹ کے علاقے 11 فور ایل کے قریب ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مشتبہ افراد نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عبداللہ ڈکیتی اور نقب زنی کے 40 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔

ملزم کے قبضے سے اسلحہ، طلائی زیورات اور چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button