دادو:پولیس کی سیالکوٹ میں کامیاب کارروائی،اغوا شدہ خاتون بازیاب

دادو(jano.pk)ایس ایس پی دادو امیر سعود مگسی کی ہدایت پر اے سیکشن تھانہ دادو پولیس نے سیالکوٹ میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چار ماہ قبل مبینہ طور پر اغوا ہونے والی شادی شدہ خاتون رخسانہ کو بازیاب کرالیا۔
ایس ایس پی کے مطابق کارروائی سندھ ہائیکورٹ حیدرآباد کے احکامات کے بعد عمل میں لائی گئی، جس کے لیے پولیس اہلکاروں نے بھیس بدل کر خصوصی حکمت عملی اپنائی۔
امیر سعود مگسی نے بتایا کہ بازیاب خاتون کو سندھ ہائیکورٹ میں بذاتِ خود پیش کیا جائے گا تاکہ عدالتی تقاضے پورے ہوں۔اغوا کا مقدمہ خاتون کے والد کی مدعیت میں اے سیکشن تھانہ دادو میں درج تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے مزید کارروائیاں جاری ہیں۔



