مسلم لیگ ن آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی کا نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی قیادت پر بھرپور اعتماد

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) مسلم لیگ ن آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی کا اجلاس شاہ غلام قادر کی زیرصدارت ہوا، جس میں پارٹی قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، آئین و قانون کی بالادستی اور میرٹ کی بحالی کیلئے عملی اقدامات کا عزم کیا گیا، جبکہ نظریہ الحاق پاکستان اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ پر کاربند رہنے کا اعادہ بھی کیا گیا۔
پارلیمانی پارٹی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کے اقدامات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کی عالمی سطح پر پذیرائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، رکے ہوئے ترقیاتی عمل کو دوبارہ بحال کرنے اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جامع پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مسلم لیگ ن آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی نے حالیہ انتخابی عمل پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر اور انتظامیہ کو کامیاب انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔
اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے بھارتی اقدامات اور مبینہ جنگی جرائم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ بھارت نے 2019 میں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی۔
پارلیمانی پارٹی نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد جائز، پرامن اور حق خودارادیت کیلئے ہے، جبکہ کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی۔
مسلم لیگ ن آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی نے بھارت میں امریکی سفیر کے کشمیر سے متعلق بیان کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تنازع کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کیا جائے۔



