برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف کا حصول ہماری اولین ترجیح ہے،وزیر اعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معیشت کی مجموعی ترقی اور اس حوالے سے نیشنل ٹیرف پالیسی 2025-30 کے نفاذ پر اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی.

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف کا حصول ہماری اولین ترجیح ہے. نیشنل ٹیرف کمیشن کی فعال اور شفاف کارکردگی ملکی صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے. سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کی سہولت کے لیے نیشنل ٹیرف کمیشن اپنافعال کردار ادا کرے.

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ دنیا میں رائج بہترین اطوار اور جدید ٹیکنالوجی بشمول انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے کمیشن میں جدت لائی جائے.

اجلاس میں نیشنل ٹیرف پالیسی 2025-30 کے نفاذ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی. بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل ٹیرف پالیسی 2025-30 کے تحت مختلف شعبوں کے لیے ٹیرف میں مرحلہ وار کمی کی جائے گی، جس کا مقصد برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی کے اہداف کا حصول ہے. لاجسٹک کے شعبے کی ترقی اور فروغ کے لیے رییفرز کنٹینرز اور سیمی ٹریلرز پر عائد ڈیوٹیز کا خاتمہ کیا جائے گا.

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ تعمیراتی شعبے کے فروغ کے حوالےسے سے اسپیشلائزڈ وہیکلز اور مشینری پر کسٹمز ڈیوٹیز کم کی جا رہی ہے. فارماسیوٹیکل سیکٹر کو سہولیات دینے کے لیے خام مال خصوصاً کینسر کی ادوایات میں استعمال ہونے والے خام مال پر کسٹم ڈیوٹی ختم کی جائیں گی.

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ, وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button