پی سی بی نے نیشنل چیمپئنز کپ کے شیڈول اور ٹیموں کااعلان کردیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل چیمپیئنز کپ کے شیڈول کے ساتھ ساتھ اس میں شریک چاروں ٹیموں کے اسکواڈز کا بھی باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ملکی ڈومیسٹک سیزن 27-2026 کے ساتھ ساتھ آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کی تیاریوں کے آغاز کا بھی نقطہ ثابت ہوگا۔
ون ڈے فارمیٹ پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ11اگست سے18اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ فائنل سمیت مجموعی طور پر7ون ڈے میچز ٹورنامنٹ کا حصہ ہوں گے، جبکہ ڈے نائٹ میچز کا آغاز سہ پہر3بجے کیا جائے گا۔
نیشنل سلیکشن کمیٹی نے11،11کھلاڑیوں پر مشتمل4اسکواڈز ترتیب دیے ہیں، جبکہ اس کے ساتھ13ریزرو کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
ٹیموں کو یہ سہولت حاصل ہوگی کہ کسی کھلاڑی کے انجرڈ ہونے یا کنکشن کی صورت میں ریزرو کھلاڑیوں میں سے متبادل کھلایا جا سکے۔ ٹورنامنٹ میں 4 ٹیمیں، پاکستان گرینز، پاکستان گولڈ، پاکستان وائٹس اور پاکستان بلوز، حصہ لیں گی۔
کپتانوں اور ہیڈ کوچز کا تقرر
پی سی بی نے چاروں ٹیموں کی کپتانی کی ذمہ داریاں شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کے سپرد کی ہیں۔ اسی طرح ٹیموں کے ہیڈ کوچز کے فرائض بالترتیب اعجاز جونیئر، مصباح الحق، اقبال امام اور اعزاز چیمہ سرانجام دیں گے۔
شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم
شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی میں کھیلنے والی ٹیم میں عبدالصمد، عبدالسبحان، فیصل اکرم، حیدر علی، کامران غلام، معاز صداقت ، محمد نواز، محمد اخلاق، محمد عمران اور سعد خان شامل ہیں ۔
صاحبزادہ فرحان کی ٹیم
صاحبزادہ فرحان کی سربراہی میں کھیلنے والے دستے میں احمد دانیال، عرفات منہاس، حسن علی، حسین طلعت، جہانداد خان، روحیل نذیر، شمائل حسین، صفیان مقیم، تیمور خان اور طیب طاہر شامل ہیں۔
صائم ایوب کی ٹیم
صائم ایوب کی قیادت میں میدان میں اترنے والی ٹیم میں عاکف جاوید، علی رضا، حارث روف، حسن نواز، خوشدل شاہ، محسن ریاض، محمد وسیم جونیئر، سعد مسعود، شاہزیب خان، عثمان خان شامل ہیں۔
شاداب خان کی ٹیم
شاداب خان کی زیرِ قیادت کھیلنے والی ٹیم میں فہیم اشرف، فخر زمان، فرحان یوسف، مہران ممتاز، محمد حسنین، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، عمیر بن یوسف، سعد بیگ اور سمیر منہاس شامل ہیں۔
چیف سلیکٹر عاقب جاویدچیف سلیکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ اس ٹورنامنٹ کا مقصد کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ون ڈے کرکٹ کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ میں کھلاڑی اپنے مخصوص رول کے مطابق ون ڈے کرکٹ کھیلتے نظر آئیں گے۔
نیشنل چیمپیئنز کپ کا انعقاد ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کی تیاریوں کے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔
اسی مناسبت سے پی سی بی نے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ون ڈے کرکٹ کے مواقع دینے کی حکمت عملی اپنائی ہے، تاکہ ملکی کرکٹ کا ٹیلنٹ عالمی ایونٹ سے قبل بھرپور میچ پریکٹس حاصل کر سکے۔
‘ریزرو کھلاڑیوں’ کی شمولیت کا فیصلہ بھی اسی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد ٹورنامنٹ کے دوران انجریز یا ناگزیر حالات میں ٹیموں کو متبادل آپشنز میسر رکھنا ہے۔



