کراچی میں بوندا باندی کا امکان، بلوچستان اور لاہور میں شدید گرمی برقرار، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں کے لیے تازہ موسمی صورتحال جاری کرتے ہوئے کراچی میں جزوی ابر آلود اور مرطوب موسم کے ساتھ ہلکی بوندا باندی، جبکہ بلوچستان اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور چند علاقوں میں بوندا باندی کا امکان ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 28.4 ڈگری سینٹی گریڈ، ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد اور ہوا کی رفتار 15 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور شدید گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ، قلات میں 34، زیارت میں 29، ژوب میں 37، تربت میں 38 اور چمن میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سبی اور نوکنڈی میں پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ ساحلی علاقوں گوادر اور جیوانی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی گرم اور خشک موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں حبس اور گرمی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ تاہم ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن کے چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 53 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر شہروں میں چترال میں 20، دیر میں 22، مالم جبہ میں 24، سیدو شریف میں 27، بنوں میں 34، ڈیرہ اسماعیل خان میں 33 اور ایبٹ آباد میں 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر لاہور میں گرمی اور حبس نے شہریوں کو بے حال کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں ہوا میں نمی کا تناسب 49 فیصد ہے، جس کے باعث محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت (فیلز لائیک) 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے، جبکہ دن کے اوقات میں یہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ شہر میں ہوائیں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، تاہم کم رفتار کے باعث حبس میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ لاہور میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں اور شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور گرمی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔



