سری لنکا ویمنز نے پاکستان کو شکست دے کر ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی

ہمبنٹوٹا(مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکا ویمنز کرکٹ ٹیم نے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ویمنز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔

ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمنز کی بیٹنگ کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 10 رنز پر تین اہم وکٹیں گر گئیں۔ صدف شمس 9 رنز جبکہ سدرا امین اور عائشہ ظفر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئیں۔

مشکل صورتحال میں گل فیروزہ اور منیبہ علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 68 رنز کی شراکت قائم کی۔ گل فیروزہ نے 40 اور منیبہ علی نے 34 رنز بنائے، جبکہ کپتان فاطمہ ثنا نے 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 41 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

پاکستانی ٹیم مقررہ 40 اوورز میں 187 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے کپتان چماری اتاپتو، چیتھانا اور کویشا دلہاری نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 38ویں اوور میں کامیابی حاصل کر لی۔ ہرشیتھا 71 اور ہسنی پریرا 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، جبکہ کپتان چماری اتاپتو نے بھی 52 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

اس کامیابی کے ساتھ سری لنکا نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز جمعہ سے شروع ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button