پاکستان اور روس کے تعلقات میں نئی پیش رفت، تجارت، توانائی اور رابطہ کاری بڑھانے پر اتفاق

منیلا(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) پاکستان اور روس نے تجارت، توانائی، رابطہ کاری اور دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کرتے ہوئے اعلیٰ سطح کے روابط اور سفارتی تبادلوں کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منیلا میں 33 ویں آسیان ریجنل فورم (ARF) کے وزارتی اجلاس کے موقع پر روسی فیڈریشن کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور اہم عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیتے ہوئے تجارت، توانائی، رابطہ کاری اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون اور رابطہ کاری کو مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے اعلیٰ سطح کے روابط، مسلسل سفارتی تبادلے اور باقاعدہ مشاورت کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button