پاکستان کی ڈیجیٹل اکانومی میں پیشرفت، کرپٹو کرنسی میں اسرائیل کے ہم پلہ قرار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے\ مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی ڈیجیٹل اکانومی کے میدان میں پیشرفت جاری ہے، جبکہ ایک عالمی رپورٹ کے حوالے سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کرپٹو ریگولیشنز کے شعبے میں پاکستان کو اسرائیل کے ہم پلہ قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان ورچوئل ریگولیٹری اتھارٹی (پی وی آر اے) کے مطابق کرپٹو سلیٹ کی تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل اثاثوں کی ریگولیشنز کے میدان میں نمایاں پیشرفت کر رہا ہے اور اس کا ریگولیٹری فریم ورک عالمی توجہ حاصل کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے اپنی کرنسی شیکل پر مبنی اسٹیبل کوائن کی منظوری دی ہے جبکہ پاکستان نے ریگولیٹڈ کرپٹو کمپنیوں کو بینک اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت دی ہے۔

پی وی آر اے کے چیئرمین بلال بن ثاقب کے مطابق پاکستان ٹیکنالوجی کے میدان میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور کرپٹو ٹیکنالوجی مستقبل کی معیشت میں اہم کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے ڈیجیٹل وژن کے تحت ریگولیٹری ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو نئی ٹیکنالوجیز میں مہارت دی جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button