جیو مدینہ کوچ کے کنڈیکٹروں اور ڈرائیوروں کی بدتمیزی، ناجائز کرایہ وصولی اور رسید نہ دینے کے خلاف مسافروں کی شکایات

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی\جانوڈاٹ پی کے) کراچی سے مٹھی اور اسلام کوٹ آنے جانے والی جیو مدینہ کوچ سروس کے کنڈیکٹروں اور ڈرائیوروں کے خلاف مسافروں کی جانب سے بدتمیزی، مبینہ طور پر ناجائز کرایہ وصول کرنے اور کرایے کی رسیدیں نہ دینے کی شدید شکایات سامنے آئی ہیں۔ متاثرہ مسافروں کے مطابق کراچی سے مٹھی تک فی مسافر 1900 روپے جبکہ کراچی سے بدین تک 1500 روپے کرایہ وصول کیا جا رہا ہے۔ کرایے کی رسید طلب کرنے پر مسافروں اور کوچ کے کنڈیکٹر پرویز علی کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔ذرائع کے مطابق معاملہ بڑھنے پر جھگڑے کی نوبت آگئی، جس کے دوران ڈرائیور نے مبینہ طور پر راستے میں گاڑی روک دی، جس سے کوچ میں سوار خواتین، بچوں اور دیگر مسافروں کو شدید پریشانی اور خوف کا سامنا کرنا پڑا۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ تنازع صرف کرایے کی رسید طلب کرنے پر شروع ہوا، تاہم کنڈیکٹر پرویز علی نے مبینہ طور پر کسی بھی مسافر کو رسید دینے سے صاف انکار کر دیا۔ بعد ازاں مسافروں کی منت سماجت اور درمیان میں پڑنے والے افراد کی کوششوں سے معاملہ حل ہوا اور سفر دوبارہ شروع کیا گیا۔ مسافروں نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ ٹرانسپورٹ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، جیو مدینہ کوچ سروس کے عملے کے خلاف تحقیقات کی جائیں اور ناجائز کرایہ وصولی و رسیدیں نہ دینے کے عمل کو روکا جائے تاکہ عوام کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔



