محکمہ سول ڈیفنس کی جانب سے مرکزی امام بارگاہ کے قریبی دکانداروں کو فائر سیفٹی نوٹسز جاری

اوکاڑہ(رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے)محکمہ سول ڈیفنس کی جانب سے مرکزی امام بارگاہ کے قریبی دکانداروں کو فائر سیفٹی نوٹسز جاری، اس سلسلہ میں محکمہ سول ڈیفنس نے محرم الحرام کے دوران امن و امان اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کا آغاز کر دیا ہے اور جس کے تحت ٹیم نے مرکزی امام بارگاہ کے اطراف میں واقع کریانہ سٹورز، تندوروں اور دیگر دکانوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور آگ سے بچاؤ کے مناسب انتظامات نہ ہونے پر مالکان کو فوری طور پر فائر سیفٹی کے نوٹسز جاری کر دیے۔ سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر عوامی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق امام بارگاہوں کے قریبی دکانوں میں آگ بجھانے کے حفاظتی آلات کی موجودگی لازمی ہے۔ انہوں نے دکانداروں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے آغاز سے قبل فائر سیفٹی انتظامات مکمل کریں۔ مقررہ وقت کے اندر ہدایات پر عمل نہ کرنے والے اور غفلت کے مرتکب دکانداروں اور سٹور مالکان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور انہیں بھاری جرمانے کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی دکانیں سیل کر دی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر امن و امان اور کسی بھی ناگہانی حادثے سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مرکزی امام بارگاہ اور جلوس کے راستوں میں آنے والی تمام دکانوں پر فائر سیفٹی کے اصولوں پر عمل درآمد کروانا انتہائی اہم ہے۔ سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا کہ محرم الحرام سے قبل تمام دکانوں میں فعال فائر سلنڈرز اور دیگر حفاظتی تدابیر کو مکمل کیا جائے۔ انہوں نے تاجر برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ عوامی تحفظ کے اس مشن میں انتظامیہ کا ساتھ دیں



