محرم الحرام: اوکاڑہ میں فلیگ مارچ، سکیورٹی ادارے الرٹ، فول پروف انتظامات کا اعلان

اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں) محرم الحرام کے سلسلے میں ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کی جانب سے فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف قانون نافذ کرنے والے اور امدادی اداروں نے شرکت کی۔

فلیگ مارچ میں پولیس، ریسکیو 1122، ٹریفک پولیس، ایلیٹ فورس اور پولیس لائن کی نفری نے حصہ لیا، جبکہ ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور ایلیٹ فورس کے اہلکار بھی شریک ہوئے۔

فلیگ مارچ شہر کے اہم راستوں اور مقامات، جن میں ایم اے جناح روڈ، بے نظیر روڈ، جی ٹی روڈ، ایم سی بی چوک اور تحصیل روڈ شامل ہیں، سے گزرا۔

اوکاڑہ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ فلیگ مارچ کا مقصد شہریوں میں احساسِ تحفظ کو فروغ دینا اور محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عاشورہ محرم کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور تمام جلوسوں و مجالس کی مؤثر نگرانی کی جائے گی۔

ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ ضلع پولیس امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر مستعد اور الرٹ ہے۔

مزید خبریں

Back to top button