اوکاڑہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل احمدسلیم چشتی کا گول چوک کادورہ

اوکاڑہ (رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی کا گول چوک کا دورہ، محرم الحرام کے سلسلہ میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ، انہوں نے گول چوک اور اس کے اطراف کے علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد محرم الحرام کے دوران جلوسوں کے روٹس اور مجالس کے مقامات پر جاری ترقیاتی و بلدیاتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کے افسران اور متعلقہ محکموں کے نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی نے گول چوک کے اطراف میں سڑکوں پر ٹف ٹائل کی تنصیب، سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے آغاز سے قبل تمام ترقیاتی اور مرمتی کام ہر صورت مکمل کیے جائیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے واٹر سپلائی اور سیوریج سسٹم کو بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جلوس کے راستوں پر پانی کھڑا ہونے یا گندگی کی شکایات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے سکیورٹی اور بلدیاتی انتظامات کو فول پروف بنانے کے لیے تمام محکموں کو باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت بھی کی



