ایران امریکا کشیدگی کے اثرات: عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کی جانب سے ایران کی تمام بندرگاہوں پر بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ کیے جانے اور ایران کے مبینہ جوابی حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تازہ کاروبار کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت 1.46 ڈالر (1.72 فیصد) اضافے کے بعد 86.19 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت بھی 1.11 ڈالر (1.4 فیصد) بڑھ کر 80.40 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق آبنائے ہرمز میں کشیدگی، خطے میں بڑھتے ہوئے فوجی تناؤ اور توانائی کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو اوپر دھکیل دیا ہے۔ سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ اگر صورتحال مزید بگڑتی ہے تو عالمی تیل کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔



