بلوچستان کے ضلع نوشکی میں 31 جولائی تک کرفیو نافذ، نقل و حرکت پر پابندی


کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) امن و امان کی خراب صورتحال کے پیشِ نظر بلوچستان کے ضلع نوشکی میں 31 جولائی تک کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کرفیو رات 8 بجے سے 31 جولائی رات 8 بجے تک نافذ العمل رہے گا۔ اس دوران بغیر اجازت گھروں سے نکلنے اور ضلع میں نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کرفیو کے دوران عوامی اجتماعات، جلوس، ریلیوں اور غیر ضروری سفر پر بھی پابندی عائد رہے گی۔
حکام کے مطابق ڈپٹی کمشنر نوشکی کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ضرورت کے تحت سرکاری ملازمین، طبی عملے، ریسکیو سروسز اور یوٹیلٹی سروسز کے عملے کو کرفیو سے استثنیٰ دے سکیں۔
محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔