نشرہ سندھو کی تباہ کن بولنگ، پاکستان کیلئے ٹی20 انٹرنیشنل میں تاریخ رقم

دبئی (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کی قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی اسپنر نشرہ سندھو نے ہانگ کانگ کے خلاف تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے صرف 7 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کرکے پاکستانی کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
— pctstorage (@pctstorage_) September 7, 2026
دبئی میں جاری ویمنز ایشیا کپ کے میچ میں نشرہ سندھو نے اپنی گھومتی گیندوں سے ہانگ کانگ کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا اور شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
نشرہ سندھو کی یہ کارکردگی پاکستان کی جانب سے ویمنز یا مینز ٹی20 انٹرنیشنل میں ایک اننگز کے دوران 6 وکٹیں لینے والی پہلی پاکستانی بولر کی حیثیت سے تاریخی بن گئی ہے۔
پاکستان کا نیا ٹی20 ریکارڈ
نشرہ سندھو سے قبل پاکستان کی ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں بہترین بولنگ کا ریکارڈ عمیمہ سہیل کے پاس تھا، جنہوں نے 13 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اسی طرح پاکستان کی مینز اور ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ کو مجموعی طور پر دیکھا جائے تو بہترین بولنگ کا ریکارڈ سفیان مقیم کے پاس تھا، جنہوں نے 3 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
نشرہ سندھو نے 6 وکٹیں حاصل کرکے دونوں ریکارڈز پیچھے چھوڑ دیے اور پاکستان کی ٹی20 انٹرنیشنل تاریخ میں اپنی جگہ بنا لی۔
ایشیا کپ میں ایک اور شاندار بولنگ کارکردگی
واضح رہے کہ رواں ویمنز ایشیا کپ میں سری لنکا کی چماری اتاپتو نے بھی ہانگ کانگ کے خلاف غیر معمولی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
یوں نشرہ سندھو کی 7 رنز کے عوض 6 وکٹوں کی کارکردگی نہ صرف پاکستان بلکہ جاری ایشیا کپ کے یادگار بولنگ اسپیلز میں بھی شمار ہونے لگی ہے۔
نشرہ سندھو کی اس شاندار کارکردگی نے پاکستانی ویمنز کرکٹ کے لیے ایک نیا سنگِ میل قائم کردیا ہے اور ان کی تباہ کن بولنگ نے ہانگ کانگ کے خلاف میچ میں سب کی توجہ حاصل کرلی۔



