گاڑی پانی سے نہیں،پٹرول سے چلتی ہے،گورنر سندھ نے مہنگائی کا حل بتادیا

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)گورنر سندھ نہال ہاشمی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگے پیٹرول کے باعث انہوں نے بھی ٹرین سے سفر شروع کردیا ہے، کیونکہ گورنر ہاؤس سے نکلنے والی گاڑی پانی سے نہیں بلکہ پیٹرول سے چلتی ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ’’پیٹرول بہت مہنگا ہوگیا ہے، اس لیے میں نے بھی اب ٹرین پر سفر شروع کردیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کفایت شعاری مہم کے تحت بجٹ بھی کم کردیا گیا ہے، جس کے باعث کئی اخراجات اور سرگرمیاں محدود یا ترک کرنا پڑی ہیں۔
نہال ہاشمی نے کہا کہ کسی تقریب یا دعوت کے لیے بلایا جائے تو کفایت شعاری مہم کا حوالہ دینا پڑتا ہے، کیونکہ اس مہم کے تحت ان کے بقول بہت سی چیزیں ترک کی گئی ہیں۔
گورنر سندھ نے طویل مدتی منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جن قوموں نے ترقی کی، انہوں نے 40 سے 50 سال تک کی منصوبہ بندی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک چین میں بھی ترقی کے لیے طویل مدتی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔
دریں اثنا بلوچستان پولیس کے زیرِ تربیت ڈی ایس پیز نے گورنر ہاؤس میں نہال ہاشمی سے مکالماتی نشست کی۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے زیرِ تربیت پولیس افسران کو ملک کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران صرف قانون نافذ کرنے والے اہلکار نہیں بلکہ معاشرے کے سماجی معالج بھی ہیں۔



