نیتن یاہو کا برطانیہ پر طنز’’اسلامی جمہوریہ برطانیہ‘‘ قرار دیدیا

تل ابیب(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے آرمی ریڈیو کو دیے گئے ایک طویل پوڈ کاسٹ انٹرویو کے دوران برطانیہ پر طنز کرتے ہوئے اسے ’اسلامی جمہوریہ برطانیہ‘ قرار دے دیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق انٹرویو کے دوران نیتن یاہو نے کہا کہ 1967 کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران سابق برطانوی وزیر اعظم ونسٹن چرچل کے بیٹے رینڈولف چرچل اور پوتے ونسٹن اسپینسر چرچل نے بطور صحافی اسرائیل آکر جنگ کی بہت مثبت کوریج کی تھی۔
نیتن یاہو نے پھر ہنستے ہوئے کہا کہ اب ایسی کوریج آپ کو برطانیہ میں نظر نہیں آئے گی جسے آپ آج کل ‘اسلامی جمہوریہ برطانیہ’ کہہ سکتے ہیں۔
جب انٹرویو کرنے والے نے ان سے پوچھا کہ ’کیا اب پورا یورپ ہی ایسا نہیں ہو گیا؟‘ تو نیتن یاہو نے اس کا جواب ’ہاں‘ میں دیا۔
نیتن یاہو نے مزید طنز کرتے ہوئے کہا، ’پہلا جوہری اسلامی جمہوریہ ملک ‘اسلامی جمہوریہ برطانیہ’ ہوگا جبکہ ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ایران ایسی ہی کوئی دوسری ریاست نہ بننے پائے۔



