میں اور ٹرمپ ساتھی، کبھی متفق ہوتے ہیں کبھی اختلاف ہو جاتا ہے، نیتن یاہو

تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران کی قیادت اور سکیورٹی نظام کو نشانہ بنا کر ملک کو ایرانی جوہری خطرے سے محفوظ بنایا، تاہم خطے میں اسرائیل کی جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل اور اس کے عوام کو تباہی کے خطرے سے بچایا گیا ہے، لیکن قومی سلامتی کے چیلنجز اب بھی موجود ہیں جن سے نمٹنے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لبنان میں ان اہم علاقوں پر کنٹرول حاصل کیا گیا جہاں سے حزب اللہ اسرائیل کے لیے خطرہ بن رہی تھی، اور اسرائیل کسی بھی مسلح یا دہشت گرد تنظیم کو اپنی سرحدوں کے قریب قدم جمانے کی اجازت نہیں دے گا۔
اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان بعض معاملات پر اختلافات ہوتے رہتے ہیں، تاہم ایران کے ساتھ معاہدہ امریکی صدر کا فیصلہ تھا۔
نیتن یاہو نے مزید کہا کہ اسرائیل کے اپنے قومی مفادات ہیں اور انہی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لبنان میں قائم بفر زون میں اسرائیلی موجودگی برقرار رہے گی۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ اسرائیل اپنی فوجی کارروائیوں کی آزادی کو برقرار رکھنے اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔



