نیپرا کی بلند عمارتوں اور صنعتی صارفین کیلئے گرڈ شیئرنگ چارجز کی تجویز

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نیپرا نے بلند عمارتوں اور صنعتی صارفین کے لیے نئے گرڈ شیئرنگ چارجز متعارف کرانے کی تجویز پیش کردی ہے، جس پر عوام سے رائے طلب کی گئی ہے۔

مجوزہ ترامیم کے مطابق ایسی بلند عمارتوں کے مالکان کو گرڈ شیئرنگ چارجز ادا کرنا ہوں گے جنہیں 500 کے وی اے سے زیادہ گنجائش والے مخصوص ٹرانسفارمرز درکار ہوں گے۔

نیپرا نے کنزیومر سروس مینوئل میں مجوزہ ترامیم کے حوالے سے عوامی آرا طلب کرتے ہوئے صنعتی صارفین کو مجموعی طور پر 15 میگاواٹ تک بجلی کے متعدد کنکشن حاصل کرنے کی اجازت دینے کی بھی تجویز دی ہے۔

مجوزہ تبدیلیوں کے تحت صنعتی اور اسٹیل فرنس صارفین کے لیے بجلی کے چارجز میں بھی نظرثانی کی جائے گی، جبکہ عارضی بجلی منقطع کرنے سے متعلق قوانین مزید سخت کیے جانے کی تجویز ہے۔

بجلی چوری کے معاملات میں ڈیٹیکشن بل جاری کرنے کی مدت بھی ممکنہ طور پر 12 ماہ تک بڑھائی جا سکے گی۔

نیپرا کے مجوزہ مسودے کے مطابق موجودہ قوانین میں گراؤنڈ پلس تین منزلہ عمارتوں کو کثیرالمنزلہ یا بلند عمارتوں کے زمرے سے خارج رکھا گیا ہے، جس کے باعث ان پر گرڈ شیئرنگ چارجز عائد نہیں ہوتے۔

مجوزہ ترامیم کی حتمی منظوری عوامی آرا اور متعلقہ قانونی و ضابطہ کار کا جائزہ لینے کے بعد دی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button