تھائی لینڈ میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

بنکاک(مانیٹرنگ ڈیسک) تھائی لینڈ میں شدید بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، پانی میں ڈوبی سڑکوں پر کشتیوں کے ذریعے آمدورفت کی جانے لگی جبکہ ہزاروں افراد کو متاثرہ علاقوں سے عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کردیا گیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق دارالحکومت بنکاک میں 48 گھنٹوں کے دوران 300 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث شہر کے متعدد علاقے زیرِ آب آگئے۔
سیلاب کے باعث سیکڑوں گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں جبکہ متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے 233 عارضی پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں۔
امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں کارروائیوں میں مصروف ہیں اور شہریوں کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کی جانب سے سیلابی صورتحال کے پیش نظر امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کردیا گیا ہے۔



