بنگلہ دیش کا پہلی بار غیر ملکی کرنسی میں خودمختار بانڈ جاری کرنے کا فیصلہ

ڈھاکہ (ویب ڈیسک) بنگلہ دیش نے پہلی مرتبہ غیر ملکی کرنسی میں خودمختار بانڈ جاری کرنے کی تیاری شروع کردی ہے، جس کے ذریعے آئندہ تین ماہ کے دوران 500 ملین سے ایک ارب ڈالر تک رقم حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیشی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ مجوزہ بانڈ کے اجرا کے عمل کی ذمہ داری امریکی مالیاتی ادارے جے پی مورگن کو دی جائے گی۔
وزیراعظم کے سرمایہ کاری اور کیپٹل مارکیٹ امور کے خصوصی معاون تنویر شہریار غنی نے ہفتے کی شب ایک انٹرویو میں منصوبے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بانڈ کے اجرا کی حتمی منظوری وزیراعظم طارق رحمان سے درکار ہوگی۔
مجوزہ بانڈ بنگلہ دیش کا پہلا غیر ملکی کرنسی میں خودمختار بانڈ ہوگا، جس کے ذریعے حکومت عالمی مالیاتی مارکیٹ سے براہ راست سرمایہ حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔
حکومت کی جانب سے بانڈ کی حتمی مالیت، شرحِ منافع اور دیگر شرائط سے متعلق تفصیلات منصوبے کی حتمی منظوری اور اجرا کے طریقہ کار کو مکمل کرنے کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔



