ملک بھر میں مون سون بارشوں کی تباہ کاریاں، 109 افراد جاں بحق، 362 زخمی، این ڈی ایم اے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق 26 جون سے اب تک 109 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 362 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 48 بچے، 38 مرد اور 23 خواتین شامل ہیں، جو حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا میں 55، پنجاب میں 36، بلوچستان میں 8، آزاد کشمیر میں 7، سندھ میں 2 جبکہ گلگت بلتستان میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔

زخمیوں کی تعداد کے حوالے سے این ڈی ایم اے نے بتایا کہ پنجاب میں 263، خیبرپختونخوا میں 80، بلوچستان میں 15 جبکہ آزاد کشمیر اور سندھ میں 2، 2 افراد زخمی ہوئے۔

بارشوں کے باعث ملک بھر میں 799 گھروں کو نقصان پہنچا، جبکہ 379 مویشی بھی سیلابی صورتحال کی نذر ہو گئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں اور سیلاب سے 25 پل اور 23 کلومیٹر سڑکیں بھی متاثر ہوئی ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button