مولانا فضل الرحمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست، عدالت نے این سی سی آئی اے سے جواب طلب کر لیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) شہداء سے متعلق مبینہ متنازع تقریر کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر عدالت نے ڈائریکٹر این سی سی آئی اے سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 17 اگست تک ملتوی کر دی۔
ایڈیشنل سیشن جج ملک لطیف نے درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار محمد وقار کی جانب سے وکلاء مدثر چوہدری اور علی شان مناواں عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر مولانا فضل الرحمان کی تقریر دیکھی، جس میں مبینہ طور پر شہداء سے متعلق دیے گئے بیان سے ان کے اور عوام کے جذبات مجروح ہوئے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ مولانا فضل الرحمان نے ایک عوامی جلسے میں شہداء کے حوالے سے متنازع بیان دیا، جس سے شہداء کے ورثاء کی دل آزاری ہوئی۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے معاملے پر ڈائریکٹر این سی سی آئی اے سے جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 17 اگست تک ملتوی کر دی۔
نوٹ: مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر عدالتی کارروائی جاری ہے۔ اس مرحلے پر عدالت نے الزامات کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں دیا اور نہ ہی مولانا فضل الرحمان کا مؤقف اس خبر میں شامل ہے۔



