نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس، نئے صوبوں اور عوامی ریلیف پر بڑی مشاورت

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے) مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت لاہور میں اہم اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی وزیراعظم سمیت مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ اہم سیاسی معاملات اور حکومتی امور پر بھی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئے اور اس حوالے سے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومتی اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کی ہدایت پر وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات میں عوام کو ریلیف دینے کا اعلان کیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مہنگائی کے اثرات کم کرنے اور عوام کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے آئندہ اقدامات پر بھی مشاورت کی گئی۔
اہم اجلاس میں ہونے والی مشاورت کو ملکی سیاست اور حکومتی پالیسی کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ نئے صوبوں اور عوامی ریلیف سے متعلق آئندہ دنوں میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔



