گھوٹکی سے نوجوان اغوا،50لاکھ تاوان طلب،والدین کی بازیابی کی اپیل،بلاول ہاؤس کانوٹس

مٹھی ( رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) گھوٹکی سے مٹھی کا نوجوان مبینہ طور پر اغوا، 50 لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا، والد نے ایس ایس پی گھوٹکی سے بیٹے کی بازیابی کی درخواست کردی، ترجمان بلاول ہاؤس نے نوٹس لے لیا۔

 تفصیلات کے مطابق مٹھی کے رہائشی نند لال میگھواڑ کا بیٹا نوشاد گھوٹکی کے ڈاکٹر دوارکا داس لوہانو کے گھر کام کرتا تھا، 3 نومبر کو حجام کی دکان سے بال کٹوانے کے لیے نکلا لیکن واپس نہیں آیا۔

 اس بارے میں اس کے والد نند لال میگھواڑ کا کہنا ہے کہ ان کا موبائل نمبر بند تھا، جب 9 نومبر کو کھلا تو ہم نے فون کیا تو کال کا جواب دینے والے شخص نے کہا کہ مجھے 50 لاکھ روپے دو ورنہ تمہارا بیٹا ٹھیک نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک غریب مزدور ہوں، مزدوری کر کے اپنے بچوں کا پیٹ پالتا ہوں، میرا بیٹا گزشتہ تین سال سے سیٹھ کے پاس کام کر رہا تھا، لیکن گزشتہ آٹھ ماہ سے ڈاکٹر دوارکاداس کے پاس تھا، جب سے وہ لاپتہ ہے اور فون پر 50 لاکھ روپے مانگے جا رہے ہیں، اس لیے میں نے ایس ایس پی گھوٹکی کو درخواست دی ہے کہ میرے بیٹے کی بازیابی اور غریب آدمی کو انصاف دلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس سے بہت پریشان ہیں۔

 بلاول ہاؤس میڈیا سیل کے انچارج اور رکن سندھ اسمبلی سریندر ولاسائی نے گھوٹکی میں مٹھی شہر کے رہائشی نوجوان نوشاد میگھور کے مبینہ اغوا کا نوٹس لیا ہے۔

 سریندر ولاسائی نے کہا کہ وہ ڈی آئی جی سکھر فیصل عبداللہ چاچڑ اور ایس ایس پی گھوٹکی سے مسلسل رابطے میں ہیں اور دونوں افسران نے انہیں یقین دلایا ہے کہ وہ خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر نوجوان کی بحفاظت بازیابی کے لیے تیزی سے کام کر رہے ہیں۔

  سریندر والسائی نے کہا "ہم امید کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ نوشاد جلد اپنے والدین کے پاس صحیح سلامت واپس آجائیں گے۔”

مزید خبریں

Back to top button