نئے صوبوں پر اکتوبر میں پارلیمنٹ میں بڑا معرکہ، حکومت نے بحث کا اعلان کردیا

🔥اسلام آباد صوبہ بنے گا یا نہیں؟ حکومت نے پوزیشن واضح کردی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ ایک بار پھر ملکی سیاست کے مرکز میں آگیا، وفاقی حکومت نے اکتوبر میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں کے دوران نئے صوبوں کے قیام پر باقاعدہ بحث کرانے کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس نہیں ہو رہے، تاہم اکتوبر میں پارلیمان کے اجلاس ہوں گے اور ان اجلاسوں میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر بحث کرائی جائے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے بحث کا اصل فورم پارلیمنٹ ہاؤس ہی ہے، جہاں اس اہم معاملے پر ارکان پارلیمنٹ اپنی آرا پیش کرسکتے ہیں۔

🔥 اسلام آباد صوبہ بنے گا یا نہیں؟ حکومت نے پوزیشن واضح کردی

اسلام آباد کے مستقبل کے انتظامی ڈھانچے سے متعلق سوال پر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے واضح کیا کہ اسلام آباد کو صوبہ نہیں بنایا جا رہا بلکہ دارالحکومت کے لیے نیا گورننس ماڈل اختیار کرنے کی جانب پیش رفت ہو رہی ہے۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اسلام آباد کو الگ صوبہ بنانے کی کوئی بات نہیں ہوئی۔

دوسری جانب اسلام آباد کے انتظامی اور بلدیاتی نظام میں ممکنہ تبدیلی کی تجاویز بھی زیر بحث رہی ہیں، جن میں 27 رکنی اسمبلی اور چیف ایگزیکٹیو کے لیے وزیراعلیٰ یا میئر کے عہدے کا تصور شامل ہے۔

نئے صوبوں کا معاملہ اکتوبر میں پارلیمنٹ کے اجلاسوں میں زیر بحث آنے کے بعد سیاسی حلقوں میں ایک بار پھر بحث تیز ہونے کا امکان ہے، جبکہ صوبائی حدود، انتظامی اختیارات اور نئے صوبوں کی ضرورت سے متعلق مختلف سیاسی جماعتوں کے مؤقف بھی سامنے آسکتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button