27 ستمبر کا احتجاج،اسلام آباد میں بڑا کریک ڈاؤن پلان تیار!

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) 27 ستمبر کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں پولیس نے سیکیورٹی اور انتظامی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کے لیے راولپنڈی اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے، جبکہ مبینہ طور پر کارکنان کی فہرستیں متعلقہ تھانوں تک پہنچا دی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران راستوں کی ممکنہ بندش کے لیے کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ بھی شروع کردی گئی ہے، جبکہ امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس افسران کے تقرر اور تبادلے بھی کیے گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ممکنہ احتجاج کے پیش نظر دیگر صوبوں سے بھی اضافی پولیس نفری طلب کی جائے گی۔ مظاہرین کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے مختلف مقامات پر سیکیورٹی انتظامات سخت کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق صورتحال کشیدہ ہونے کی صورت میں واٹر کینن اور ربر کی گولیاں استعمال کی جا سکتی ہیں، جبکہ ریڈ زون کی سیکیورٹی کے لیے تین حصار پر مشتمل سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔

پولیس کے مطابق اسلام آباد پولیس کا نیا کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر بھی ممکنہ احتجاج کے دوران صورتحال کی نگرانی میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ آئی جی اسلام آباد مرکزی کنٹرول سینٹر سے سیکیورٹی صورتحال کو براہ راست مانیٹر کریں گے۔

مزید خبریں

Back to top button