سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کا حکم، عدالت سے بڑا فیصلہ آگیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے، جبکہ 15 فروری کو شاہراہ دستور پر احتجاج کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی کے 4 کارکنوں کو شناخت پریڈ کے لیے اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، مینا خان آفریدی، شاہد خٹک اور شفیع جان کے نئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
عدالت نے ایس ایچ او تھانہ رمنا کو حکم دیا ہے کہ چاروں ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔
دوسری جانب خصوصی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے تھانہ مارگلہ میں درج ایک اور مقدمے میں پی ٹی آئی کے 8 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
عدالتی حکم کے مطابق شاہد خٹک، مولانا نسیم علی شاہ، عامر ڈوگر، عاطف خان، اقبال آفریدی، مینا خان آفریدی، ڈاکٹر امجد اور شفیع جان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔
ادھر 15 فروری کو شاہراہ دستور پر احتجاج کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی کارکنوں کو بھی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کی عدالت میں ہوئی، جہاں پولیس نے ملزمان کی شناخت پریڈ کے لیے انہیں جیل بھیجنے کی استدعا کی۔
عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے گرفتار کارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا، جہاں ان کی شناخت پریڈ کی جائے گی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے اجرا اور کارکنوں کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیجے جانے کے بعد مقدمات میں قانونی کارروائی مزید اہم مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔



