ری چیکنگ نے طالبہ کی قسمت بدل دی،2نمبروں نے تیسری پوزیشن دلا دی

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) میٹرک امتحانات کے نتائج میں ری چیکنگ کی درخواست نے طالبہ کی پوزیشن ہی بدل دی۔ ماڈل ٹاؤن کے نجی تعلیمی ادارے کی طالبہ عافیہ نعیم نے ری چیکنگ کے بعد دو اضافی نمبر حاصل کرکے لاہور بورڈ میں میٹرک امتحانات کی تیسری پوزیشن اپنے نام کرلی۔

تفصیلات کے مطابق عافیہ نعیم نے ابتدائی نتیجے میں 1187 نمبر حاصل کیے تھے، تاہم ری چیکنگ کے لیے درخواست دینے کے بعد ان کے نمبروں میں 2 نمبروں کا اضافہ ہوگیا۔

لاہور بورڈ کے مطابق امتحانی پرچے کے ایک حصے کے 2 نمبر غیر نشان زدہ رہ گئے تھے، جن کی نشاندہی ری چیکنگ کی درخواست کے بعد ہوئی۔

طالبہ کی جانب سے بورڈ سے باقاعدہ رجوع کیے جانے پر نمبروں کی درستگی کی گئی اور عافیہ نعیم کے مجموعی نمبر 1187 سے بڑھ کر 1189 ہوگئے۔

اضافی دو نمبروں نے طالبہ کی پوزیشن تبدیل کردی اور 1189 نمبر حاصل کرکے عافیہ نعیم لاہور بورڈ کے میٹرک امتحانات میں تیسری پوزیشن کی حقدار بن گئیں۔

طالبہ کی اس کامیابی کے اعزاز میں لاہور بورڈ کی جانب سے تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جہاں عافیہ نعیم کی کامیابی کو سراہا جائے گا۔

یہ واقعہ اس بات کی اہمیت اجاگر کرتا ہے کہ امتحانی نتائج میں کسی بھی قسم کے ابہام کی صورت میں طلبہ ری چیکنگ کے طریقہ کار سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button