ایران امریکا کشیدگی نے تیل بازارہلادیا،خام تیل105ڈالر سے اوپر پہنچ گیا

نیویارک(جانو ڈاٹ پی کے) ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے اثرات عالمی منڈی پر نمایاں ہونے لگے، خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ کی قیمت میں 4.05 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 105 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی۔
دوسری جانب امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت میں 4.66 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 100.50 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑھ کر تین ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، جس سے عالمی معیشت اور درآمدی ممالک میں ایندھن کی قیمتوں پر مزید دباؤ بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو عالمی توانائی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال بڑھنے اور خام تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔



