ٹیچر انٹرنز کی بھرتی منظور،پنجاب کے اسکولوں میں نئی تعیناتیاں شروع

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت نے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لیے اسکول ٹیچر انٹرنز (STIs) کی بھرتی کی سمری منظور کرلی، جس کے بعد منتخب ٹیچر انٹرنز رواں ہفتے اسکولوں میں رپورٹ کرنے کا امکان ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ اسکول ٹیچر انٹرنز کو عارضی بنیادوں پر تدریسی خدمات کے لیے تعینات کیا جائے گا، جبکہ ایس ٹی آئز رواں ہفتے سرکاری اسکولوں میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
وزیر تعلیم کے مطابق ٹیچر انٹرنز کو پرائمری، ایلیمنٹری اور سیکنڈری سطح پر تدریسی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی، جس سے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔
رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ ٹیچر انٹرنز پروگرام کا بنیادی مقصد سرکاری تعلیمی اداروں میں تدریسی خلا کو کم کرنا ہے، جبکہ اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو عملی تدریسی تجربہ حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔
صوبائی حکومت کی جانب سے ایس ٹی آئز کی تعیناتی کو سرکاری اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔



