سجاول میں ناموسِ رسالت ﷺ کے تحفظ کیلئے عظیم الشان ریلی، عاشقانِ رسول ﷺ کا بھرپور اظہارِ عقیدت

سجاول(جانوڈاٹ پی کے) نیشنل پریس کلب سجاول کے زیرِ اہتمام ناموسِ رسالت ﷺ کے تحفظ اور عشقِ رسول ﷺ کے اظہار کیلئے ایک پُرامن ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام، صحافیوں، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی ماموں لاڈو چوک سے شروع ہو کر پبلک پارک تک نکالی گئی۔ شرکاء نے ناموسِ رسالت ﷺ کے تحفظ کے حق میں نعرے لگائے اور حضور اکرم ﷺ سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔

مقررین اور شرکاء کا کہنا تھا کہ تحفظِ ناموسِ رسالت ﷺ ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی حصہ ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کی سودے بازی یا مصلحت قبول نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلمان عشقِ رسول ﷺ کے تحفظ کیلئے ہر ممکن قربانی دینے کو تیار ہیں۔

ریلی کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ مذہبی شعائر کے غلط استعمال کے خلاف موجود قوانین پر مؤثر اور منصفانہ عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ ملک میں مذہبی ہم آہنگی، امن اور قانون کی بالادستی کو فروغ دیا جائے۔

شرکاء نے لاڑکانہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری اور شفاف قانونی کارروائی کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ پاکستان ایک اسلامی جمہوریہ ہے جہاں اسلامی شعائر اور مذہبی مقدسات کا احترام ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

ریلی کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام، امن اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ نیشنل پریس کلب سجاول کے زیرِ اہتمام منعقدہ یہ ریلی پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی۔

مزید خبریں

Back to top button