اسرائیل کو ہر صورت لبنانی سرزمین چھوڑنا ہوگی، نعیم قاسم کا دوٹوک مؤقف

بیروت(ویب ڈیسک) حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ اسرائیل کے پاس اس کے سوا کوئی راستہ نہیں کہ وہ طے شدہ معاہدے کے مطابق لبنانی سرزمین سے مکمل انخلا کرے اور تمام مقبوضہ علاقوں کو خالی کرے۔

اپنے بیان میں نعیم قاسم نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں لبنانی فوج کی تعیناتی کے بدلے اسرائیل پر لازم ہے کہ وہ لبنان کے زیر قبضہ تمام علاقوں سے واپس چلا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت جنگ بندی نافذ العمل ہے اور اس کے مؤثر اور پائیدار رہنے کے لیے ضروری ہے کہ اسرائیل معاہدے کی تمام شرائط پر مکمل عملدرآمد کرے۔

حزب اللہ سربراہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو مکمل پسپائی اختیار کرنا ہوگی کیونکہ لبنان کی سرزمین کا ایک انچ بھی اس کے قبضے میں نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ لبنانی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور جنگ بندی معاہدے کا احترام خطے میں استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

نعیم قاسم نے مزید کہا کہ اگر طے شدہ شرائط کے مطابق مکمل انخلا عمل میں آتا ہے تو جنگ بندی کو مضبوط بنانے اور کشیدگی کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button