بدین،خاتون کے قتل کے واقعہ کا مقدمہ کھوسکی تھانے میں شوہر کیخلاف درج

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)شادی لارج کے قریب نوجوان خاتون کے قتل کے واقعے کا مقدمہ کھوسکی تھانے میں اس کے شوہر کے خلاف درج کر لیا گیا ہے جس کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے پولیس کے مطابق مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 302 اور 201 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ خاتون کو اس کے ہی شوہر مصطفیٰ پاڑھو نے قتل کیا اور بعد ازاں واقعے کے شواہد چھپانے کی کوشش کی گئی ایف آئی آر کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے کو حادثہ یا طبعی موت ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی تاہم شک پیدا ہونے پر اہل خانہ نے پولیس سے رجوع کیا اور قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے فرانزک اور طبی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ مکمل تحقیقات کے بعد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔مقتولہ کے اہل خانہ نے واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ انصاف یقینی بنایا جا سکے۔



