پاکستان بنانے میں سندھ کا صفِ اول کا کردار ہے اور ہمیشہ رہے گا، مراد علی شاہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے قیام میں سندھ نے صفِ اول کا کردار ادا کیا اور آئندہ بھی ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

کراچی میں مزارِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ آج گورنر سندھ اور صوبائی کابینہ کے ہمراہ مزارِ قائد پر حاضری دی اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 10 اکتوبر 1938 کو سندھ نے عیدگاہ میدان میں ایک قرارداد پیش کی، جبکہ قیامِ پاکستان کے بعد بھی قرارداد پیش کی گئی۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں پر عمل پیرا رہیں اور متحد ہو کر ملک کی ترقی کے لیے کام کریں۔

مراد علی شاہ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو پاکستان کی جوہری طاقت کا بانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شہادت قبول کی لیکن گھٹنے نہیں ٹیکے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی اپنی جان قربان کی مگر پاکستان کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دی۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے مشکل وقت میں وزارتِ خارجہ کی باگ ڈور سنبھالی اور ملک کا مؤقف دنیا کے سامنے بھرپور انداز میں پیش کیا۔ بھارت نے پاکستان کی طرف میلی نظر سے دیکھا تو پوری قوم متحد ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے نوجوانوں سمیت تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد پر زور دیا کہ وہ متحد رہیں اور ملک کی ترقی و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

مراد علی شاہ نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی مظالم کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button