وزیراعلیٰ سندھ کی رہڑکی دربار آمد، سائیں سادھ رام کے انتقال پر ہندو برادری سے اظہارِ تعزیت

گھوٹکی (رپورٹر وجے کمار چاولہ\جانوڈاٹ پی کے)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ رہڑکی دربار پہنچے، گدی نشین سائیں سادھ رام کے انتقال پر ان کے ورثاء اور ہندو برادری سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، صوبائی وزیر ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ، صوبائی مشیر بحالی گیان چند ایسراںی، ایم پی اے امداد علی پتافی اور چیئرمین ضلع کونسل گھوٹکی بنگل خان مہر بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ رہڑکی دربار پہنچے اور ہندو برادری کے روحانی پیشوا اور رہڑکی دربار کے گدی نشین سائیں سادھ رام کے انتقال پر ان کے ورثاء سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سائیں سادھ رام ایک نہایت محبت کرنے والے انسان تھے، ان سے کئی ملاقاتیں رہیں، وہ ہمیشہ مسکراتے رہتے اور سب کا خیال رکھتے تھے۔ ان کے انتقال سے ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے۔ امید ہے کہ ان کے پیروکار سائیں سادھ رام کے امن اور محبت کے پیغام پر عمل کرتے رہیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ رونتی کچے میں بڑا مسئلہ تھا، تاہم سندھ حکومت نے اس حوالے سے اقدامات کیے ہیں جس کے باعث پہلے کی نسبت کافی بہتری آئی ہے۔ کچے میں آپریشن جاری رہے گا اور ترقیاتی کام بھی کروائے جائیں گے تاکہ وہاں کے رہائشیوں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔



