بلی کو سرکاری نوکری مل گیا

ممبئی (ویب ڈیسک) ممبئی کے گنڈاوالی میٹرو اسٹیشن پر کئی ماہ سے گھومنے پھرنے اور مسافروں پر نظر رکھنے والی ایک نارنجی رنگ کی بلی کو باقاعدہ دلچسپ اعزازی عہدہ دے دیا گیا۔
ممبئی میٹرو کے ادارے نے مزاحیہ انداز میں بلی کو ’’چیف فیلائن آفیسر‘‘ یعنی بلیوں کی چیف افسر کا عہدہ دے دیا، جس کے بعد یہ بلی سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بن گئی۔
یہ بلی اکثر اسٹیشن کے داخلی راستے کے قریب بیٹھی یا ٹہلتی دکھائی دیتی ہے، جس کی روزانہ آمد و رفت نے اسے مسافروں کے لیے ایک مانوس چہرہ بنا دیا ہے۔
معاملہ اس وقت دلچسپ ہوا جب ایک مسافر سندیش سامنت نے اسٹیشن پر موجود بلی کی تصویر بنا کر میٹرو آپریٹر مہا ممبئی میٹرو آپریشن کارپوریشن لمیٹڈ (ایم ایم ایم او سی ایل) کو بھیج دی۔
مسافر نے مزاحیہ انداز میں تجویز دی کہ اسٹیشن پر مسلسل موجود رہنے والی اس ’’بغیر تنخواہ کی سکیورٹی گارڈ‘‘ بلی کو کوئی سرکاری عہدہ دے دینا چاہیے۔ انتظامیہ نے بھی تجویز کو خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے اسے ’’چیف فیلائن آفیسر‘‘ کا اعزازی عہدہ دے دیا۔
میٹرو حکام کے مطابق اگرچہ یہ اقدام مذاقاً کیا گیا، تاہم بلی اپنی ’’ذمہ داری‘‘ کو کافی سنجیدگی سے نبھاتی دکھائی دیتی ہے اور اکثر اسٹیشن پر موجود رہتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بلیاں، کتے اور بعض اوقات بندر بھی میٹرو اسٹیشن کے ٹھنڈے اور سایہ دار حصوں میں پناہ لینے آتے ہیں، تاہم یہ جانور مستقل طور پر اسٹیشن میں نہیں رہتے بلکہ اپنی مرضی سے آتے جاتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کسی کو بلی کی عمر، نام یا جنس کے بارے میں معلوم نہیں، نہ ہی اس کے پاس کوئی شناختی کارڈ یا مخصوص ڈیسک ہے، لیکن اپنی روزمرہ ’’ڈیوٹی‘‘ کے باعث یہ ممبئی میٹرو کے مقبول ترین چہروں میں شامل ہوگئی ہے۔



