محرم الحرام کے لیے اوکاڑہ میں فول پروف سکیورٹی و انتظامات کی ہدایت

اوکاڑہ (وحید آرائیں/جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ضلعی افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سکیورٹی پلان، صفائی ستھرائی، لائٹنگ، پینے کے صاف پانی اور دیگر پیشگی انتظامات پر خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں متحرک رہیں اور عوام کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق مجالس اور جلوسوں کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے اور تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے بھرپور اور مؤثر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔



