احتجاج اور دھرنوں سے معیشت کو یومیہ 120 ارب روپے نقصان ہوگا، محمد اورنگزیب

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی استحکام سے معاشی ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، ایسے میں احتجاج، مارچ اور دھرنے معاشی سرگرمیوں کو متاثر کر سکتے ہیں اور ان سے یومیہ 120 ارب روپے کا نقصان ہو سکتا ہے۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ مارچ اور ہڑتالوں کے باعث معاشی ترقی کا سفر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ موجودہ حالات میں احتجاج اور دھرنے سمجھ سے بالاتر ہیں، کیونکہ معاشی سرگرمیوں میں تعطل سے اربوں روپے کا نقصان ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج اور دھرنوں کے منفی اثرات بالآخر عوام تک پہنچتے ہیں، جبکہ دیہاڑی دار طبقہ اور چھوٹے کاروبار معاشی سرگرمیوں میں تعطل سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے اثرات بھی عالمی معیشت پر مرتب ہو رہے ہیں، سپلائی چین میں خلل کے باعث فریٹ اور انشورنس اخراجات میں اضافہ ہوا ہے، جس سے عالمی تجارت متاثر ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق حکومت اخراجات میں کمی لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر بلند سطح پر پہنچ چکے ہیں جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ بھی سرپلس ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ معاشی ترقی کے سفر میں مزید تیزی آئے گی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ان کے مطابق ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے دشمن قوتیں کارفرما ہیں۔



